اتوار، 29 مارچ 2026


مصنف: چارلس سپرجن
ترجمہ کار: اسٹیفن رضاؔ

عبرانیوں 5: 8

’’ اور باوُجُود بیٹا ہونے کے اُس نے دُکھ اُٹھا اُٹھا کر فرمانبرداری سِیکھی۔‘‘
ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہماری نجات کا بانی دُکھوں کے ذریعے کامل کِیا گیا، اِس لیے ہم جو گنہگار ہیں اور کمال سے کوسوں دُور ہیں، اگر ہمیں بھی اِسی طرح دُکھوں سے گزرنے کے لیے بُلایا جائے ہمیں اِس پر حیرت نہیں ہونی چاہیے ۔ کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ سَر تو کانٹوں سے زخمی ہو اور بدن کے باقی اعضا راحت کے مخملیں بستر پر جھولیں؟ کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ مسیح کو تاج پانے کے لیے خون آشام سمندروں سے گزرنا پڑے اور ہم سونے کی جُوتیاں پہن کر خشک پاؤں آسمان کی جانب خراماں خراماں چلیں؟ نہیں، ہمارے مالک کا تجربہ ہمیں سکھاتا ہے کہ دُکھ ضروری ہیں، اور خُدا کا حقیقی فرزند کبھی دُکھوں سے بچنا نہیں چاہے گا۔لیکن مسیح کے ’’ دُکھوں کے ذریعے کامل ہونے ‘‘ کی حقیقت میں ایک اِنتہائی تسلی بخش خیال موجود ہے، وہ یہ کہ اب وہ ہمارے ساتھ مکمل ہمدردی رکھ سکتا ہے جیسے لکھا ہے کہ ’’ ہمارا ایسا سردار کاہن نہیں جو ہماری کمزوریوں میں ہمارا ہمدرد نہ ہو سکے ‘‘۔ مسیح کی اِس ہمدردی میں ہمیں سنبھالنے والی قوت مِلتی ہے۔ ابتدائی دَور کے ایک شہید نے کہا تھا کہ ’’ مَیں یہ سب برداشت کر سکتا ہوں، کیونکہ یسوعؔ نے دُکھ اٹھایا، اور وہ اب مُجھ میں دُکھ اٹھاتا ہے۔ وہ میرے ساتھ ہمدردی رکھتا ہے، اور یہی بات میرے ایمان کو مضبوط بناتی ہے۔ ‘‘اے اِیماندار! دُکھ اور کرب کے سارے لمحوں میں اِس خیال کو مضبوطی سے تھام لے۔ جب تُو اُس کے نقشِ قدم پر چلے تو یسوعؔ کے دُکھوں کا تصور تجھے تقویت دے۔ اُس کی ہمدردی میں ایک شیریں سہارا تلاش کراور یاد رکھ کہ دُکھ اٹھانا ایک عزت کی بات ہے بلکہ مسیح کے لیے دُکھ اٹھانا جلال کی بات ہے۔ رُسول اِس بات پر خوش تھے کہ مسیح کی خاطر ستائے جانے کے لائق ٹھہرائے گئے۔ جِس حد تک خدا ہمیں مسیح کے لیے اور مسیح کے ساتھ دُکھ اٹھانے کا فضل دیتا ہے، اتنا ہی وہ ہماری عزت کو بڑھاتا بھی ہے۔ ایک مسیحی کے جواہرات اُس کی مصیبتیں ہیں۔ اُن شاہی کاہنوں کی شاہی خلعت پر جِنہیں خُدا نے دُکھوں کے لئے مسح کِیا ہے، اُن کی تکلیفیں، اُن کے غم اور اُن کے دُکھ ہیروں اور جواہرات کی طرح ہیں۔ اِس لیے، ہمیں دُکھوں سے کترانا نہیں چاہیے۔ ہمیں دُکھوں کے ذریعے سرفراز ی پانے سے منہ نہیں موڑنا چاہیے۔ دُکھ ہمیں سرفراز کرتے ہیں اور مصیبتیں ہمارے لئے سربلندی پیدا کرتی ہیں جیسے لکھا ہے کہ ’’ اگر ہم دُکھ اٹھائیں گے تو اُس کے ساتھ بادشاہی بھی کریں گے ‘‘۔

غزل الغزلات 5: 6

’’ مَیں نے اُسے پُکارا پر اُس نے مُجھے کُچھ جواب نہ دِیا۔‘‘
دُعا کبھی کبھی سائل کی طرح دروازے پر ٹھہری رہتی ہے، جب تک کہ بادشاہ باہر آ کر اُس کی جھولی اُن برکات سے بھر نہ دے جِن کی وہ طالب ہے۔ یہ دیکھا گیا ہے کہ جب خداوند نے کسی کو بڑا اِیمان بخشا، تو اُس نے طویل تاخیر کے ذریعے اُسے آزمایا بھی ۔ اُس نے اپنے خادموں کی آوازوں کو پیتل کے آسمان سے ٹکرا کر واپس اُنہی کے کانوں میں گونجنے دیا ہے۔ اُنہوں نے سنہری دروازے پر دستک دی، لیکن اُس میں کوئی جنبش نہ ہوئی ، گویا اُس کے قبضوں کو زنگ لگ گیا ہو۔ یرمیاہؔ کی طرح ، اُنہوں نے پکارا، ’’ تُو بادِلوں میں مستُور ہُؤا تاکہ ہماری دُعا تُجھ تک نہ پُہنچے‘‘ ۔ اِسی طرح سچے مُقدّسین جواب کے بغیر طویل عرصے تک صبر کے ساتھ اِنتظار کرتے رہے ہیں، اِس لیے نہیں کہ اُن کی دُعائیں پُرجوش، پُرزور اور پُر اثر نہ تھیں یا وہ مقبول نہ ٹھہریں، بلکہ اِس لیے کہ اِس میں اُسی کی مصلحت تھی جو حاکمِ اعلیٰ ہے اور جو اپنی مرضی کے مطابق عطا کرتا اور جواب دیتا ہے۔ اگر وہ چاہتا ہے کہ ہمارے صبر کی آزمائش ہو، تو کیا وہ اپنی چیز کے ساتھ جو چاہے نہ کرے؟ مانگنے والوں کو وقت، جگہ یا طریقے کے انتخاب کا حق نہیں ہوتا۔لیکن ہمیں محتاط رہنا چاہیے کہ دُعا میں تاخیر کو انکار نہ سمجھیں۔ خُدا کے طویل مدتی وعدے اپنے وقت پر پورے کئے جائیں گے۔ اِس لئے ہمیں شیطان کو یہ موقع نہیں دینا چاہیے کہ وہ ہماری غیر مقبول دُعاؤں کی طرف اِشارہ کر کے سچائی کے خُدا پر ہمارے اِعتماد کو متزلزل کرے۔ جِن التجاؤں کا جواب نہیں مِلا، وہ اَن سُنی نہیں رہیں گی ۔ خُدا کے پاس ہماری دُعاؤں کا باقاعدہ دفتر موجود ہے۔ وہ ہوا میں بے سمت اُڑ نہیں جاتیں، بلکہ بادشاہ کے ذخیرہ خانے میں محفوظ ہو جاتی ہیں۔ آسمانی عدالت میں ایک ایسا رجسٹر بھی ہے جہاں ہر دُعا درج کی جاتی ہے۔ اے آزمودہ اِیماندار! تیرے خداوند کے پاس ایک شیشے کا ایسا مرتبان ہے جِس میں مُقدّس غم کے قیمتی آنسو رکھے جاتے ہیں، اور ایک کتاب ہے جِس میں تیری پاک سسکیوں کا شمار درج ہوتا ہے۔عنقریب تیری فریاد رنگ لائے گی۔ کیا تُو اطمینان اور صبر سے تھوڑی دیر نہیں کر سکتا؟ کیا تیرے خداوند کا وقت تیرے وقت سے بہتر نہ ہوگا؟ بہت جلد وہ تیری رُوح کی خوشی کے لیے سکون بخش صورت میں ظاہر ہوگا، اور تجھ سے طویل اِنتظار کے ٹاٹ اور راکھ کو دُور کر کے تجھے پوری مُراد پانے کے قرمزی اور مہین ململ کے لباس سے آراستہ کرے گا۔
22