اتوار، 15 مارچ 2026


مصنف: چارلس سپرجن | ترجمہ کار: اسٹیفن رضاؔ

1۔ کرنتھیوں 10: 12

’’پس جو کوئی اپنے آپ کو قائم سمجھتا ہے وہ خبردار رہے کہ گِر نہ پڑے۔‘‘
یہ ایک عجب حقیقت ہے ، کہ فضل پر فخر کرنے کی عادت بھی وجود رکھتی ہے۔ ایک آدمی کہتا ہے ، میرا ایمان بہت بڑا ہے۔ مَیں نہیں گِروں گا۔ بیچارہ کمزور ایمان والا گِر ے گا، مگر مَیں کبھی نہیں گِروں گا۔‘‘ دوسرا کہتا ہے کہ ، ’’میری محبت بہت سرگرم ہے، مَیں قائم رہ سکتا ہوں، میرے برگشتہ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں‘‘۔ جو فضل پر فخر کرتا ہے اُس کے پاس فخر کرنے کے لیے فضل بہت کم ہوتا ہے۔ کچھ لوگ جو ایسا سمجھتے ہیں اُن کا خیال ہے کہ اُن کی خوبیاں اُنہیں سنبھال سکتی ہیں، وہ یہ نہیں جانتے کہ چشمے سے دھارا متواتر جاری رہنا چاہیے ورنہ چشمہ جلد خشک ہو جائے گا۔ اگر چراغ کو تیل مسلسل میسر نہ آئے تو چاہے وہ آج کتنا ہی روشن کیوں نہ ہو، کل وہ دُھواں دینے لگے گا اور اُس کی بُو ناگوار ہوگی۔خبردار رہیں کہ آپ اپنی خوبیوں پر فخر نہ کریں، بلکہ آپ کا تمام فخر اور بھروسہ صرف مسیح اور اُس کی قدرت پر ہو، کیونکہ صرف اِسی صورت میں آپ گِرنے سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ دُعا میں زیادہ وقت گزاریں۔ مُقدّس بندگی میں زیادہ وقت لگائیں۔ کتابِ مُقدّس کو زیادہ جانفشانی ، لگن اور باقاعدگی سے پڑھیں۔ اپنی زندگیوں کی زیادہ احتیاط سے نگہبانی کریں۔ خُدا کے زیادہ قریب رہیں۔ بہترین مثالوں کو اپنا نصب العین بنائیں۔ آپ کی گفتگو آسمانی خُوشبو سے مہکتی ہو۔ آپ کا دِل اِنسانوں کی زندگیوں کے لیے محبت سے معطر رہے۔ ایسی زندگی گزاریں کہ لوگ آپ کو پہچان لیں کہ آپ یسوعؔ کے ساتھ رہے ہیں اور آپ نے محبت رکھنے کا ہنر اُسی سے سیکھاہے۔ پھر جب وہ مُبارک دِن آئے گا کہ جب وہ ، جِس سے آپ عشق رکھتے ہیں ، آپ سے یہ کہے گا کہ ’’اوپر آ جا‘‘، تو آپ کے لیے یہ خوشی کا مقام ہو کہ آپ اُس کی زبان سے یہ سُنیں کہ ’’تُو اچھی کُشتی لڑ چکا، تُو نے دوڑ کو ختم کرلیا۔ اور اب تیرے واسطے راست بازی کا وہ تاج رکھّا ہُوا ہے جو کبھی مُرجھاتا نہیں‘‘۔اے مسیحی ! اِحتیاط اور خبرداری کے ساتھ آگے بڑھ! پاک خوف کے ساتھ کانپتے ہوئے پیشقدمی کر ! صرف یسوعؔ پر اِیمان اور توکّل کے ساتھ آگے بڑھ، اور تیرے لبوں پر ہمیشہ یہی التجا رہے کہ ’’اپنے کلام کے مطابق مجھے سنبھال لے‘‘۔ وہی قادر ہے، اور صرف وہی یہ کر سکتا ہے کہ تُجھے ’’ ٹھوکر کھانے سے بچائے اور اپنے جلال کے روبرو کمال خوشی کے ساتھ بے عیب کھڑا کرے‘‘۔

زبور 39: 1

’’مَیں اپنی راہ کی نگرانی کروں گا۔‘‘
اے ہمسفر! اپنے دِل میں یہ مت کہہ کہ ’’ مَیں فُلاں فُلاں جگہ جاؤں گا اور گُناہ نہیں کروں گا ‘‘کیونکہ تُو کبھی گُناہ کے خطرے سے اتنا دُور نہیں کہ اپنی سلامتی پر فخر کر سکے۔ راستہ بہت دلدلی ہے۔ اپنی راہ کا اِنتخاب ایسی اِحتیاط سے کرنا کہ تیرا لباس آلودہ نہ ہونے پائے، ایک مشکل کام ہوگا۔ یہ دُنیا رال کی مانند ہے۔ اگر تُو اِسے بروئے کار لاتے ہوئے اپنے ہاتھوں کو صاف رکھنا چاہتا ہے تو تُجھے ہر بار احتیاط سے کام لینا پڑے گا۔ سڑک کے ہر موڑ پر تیرے جواہرات لوٹنے کے لیے کوئی نہ کوئی لُٹیرا ہمہ وقت موجود ہے۔ ہر نعمت میں ایک آزمائش پنہاں ہےاور ہر خوشی میں ایک پھندا پایا جاتا ہے۔ اور اگر تُو کبھی آسمان تک پہنچ پائے، تو یہ الٰہی فضل کا ایک معجزہ ہوگا جِس کا تمام تر سہرا تیرے باپ کی قدرت کے سر پر بندھے گا۔اپنے آپ کو چوکنا رکھ۔ جب ایک اِنسان کے ہاتھ میں بارود کا گولہ ہو، تو اُسے اِحتیاط کرنی چاہیے کہ وہ کِسی شمع کے قریب نہ جائے۔ اِسی طرح تجھے بھی دھیان رکھنا چاہیے کہ اپنے آپ کسی آزمائش میں داخِل نہ ہو۔ یہاں تک کہ تیرے روزمرہ کے عام اعمال بھی تیز دھار والے اوزاروں کی مانند ہیں۔ تجھے اِن اوزاروں کو برتتے وقت ہر طرح سے ہوشیاراور خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔ اِس دُنیا میں کوئی ایسی چیز نہیں جو مسیحی دینداری کو پروان چڑھانے میں تیری مددگار ہو، بلکہ یہاں کی ہر چیز اِسے تباہ کرنے پر تُلی بیٹھی ہے۔ تجھے کِتنا فکرمند ہونا چاہیے کہ تیری نگاہ ہمیشہ خُدا کی لگی رہے تاکہ وہ تجھے آپ ہی محفوظ رکھے۔ تیری دُعا یہ ہونی چاہیے کہ ’’ مجھے سنبھال اور مَیں سلامت رہوں گا ‘‘۔ یہ دُعا مانگنے کے بعد تجھے خود بھی نگہبانی کرنی چاہیےاور اپنے ہر خیال، لفظ اور عمل کی مُقدّس غیرت کے ساتھ حفاظت کرنی چاہیے۔بلا ضرورت خود کو خطروں میں نہ ڈال۔ لیکن اگر تجھے کسی ایسی جگہ جانا ہی پڑے جہاں تیر برس رہے ہوں، تو اپنی سِپر کے بغیر کبھی قدم باہر مت نکال۔ کیونکہ اگر شیطان نے ایک بار بھی تجھے اپنی ڈھال کے بغیر پا لیا، تو وہ خوش ہوگا کہ اُس کی فتح کی گھڑی آ گئی ہے، اور وہ جلد ہی تجھے اپنے تیروں سے زخمی کر کے گرا دے گا۔ اگرچہ تُو ہلاک تو نہیں ہو سکتا، مگر گھائل ضرور ہو سکتا ہے۔ ’’ تُم ہوشیار اور بیدار رہو، تمہارا مخالف ابلیس گرجنے والے شیر ببر کی طرح ڈھونڈتا پھرتا ہے کہ کس کو پھاڑ کھائے۔‘‘ اِس لیے اپنی راہ کی نگرانی کراور دُعا کے لیے بیدار رہ۔ کوئی بھی اِنسان حد سے زیادہ باخبر رہنے کی وجہ سے کبھی گمراہی میں نہیں گرتا۔ خُدا روح القدس سب راہوں میں ہماری رہنمائی کرے، تاکہ ہماری روشیں ہمیشہ خداوند کو پسند آنے والی ہوں۔
9