بدھ، 18 مارچ 2026


مصنف: چارلس سپرجن | ترجمہ کار: اسٹیفن رضاؔ

گلتیوں 3: 22

’’ کیونکہ تُم سب اُس اِیمان کے وسِیلہ سے جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہے خُدا کے فرزند ہو۔‘‘
خُدا کی پدریت اُس کے تمام فرزندوں کے لیے یکساں ہے۔ آہ! اے کمزور اِیمان والے، تُو نے اکثر کہا ہے کہ ’’ کاش مجھ میں بھی ویسا ہی حوصلہ ہوتا جیسا بڑے دِل والے سورماؤں میں پایا جاتا ہے۔ کاش مَیں بھی اُن کی طرح تلوار چلا سکتا اور ویسا ہی بہادر ہوتا! لیکن افسوس، مَیں تو ہر تِنکے سے ٹھوکر کھاتا ہوں اور محض ایک سایہ مجھے ڈرا دیتا ہے۔ ‘‘ ذرا سُن ، اے کمزور اِیمان والے! وہ بہادر سورما بھی خُدا کا فرزند ہے اور تُو بھی خُدا کا فرزند ہے ۔ وہ بہادر آدمی تُجھ سے رتی برابر بھی زیادہ نہیں ۔ پطرسؔ اور پولسؔ جیسے برگزیدہ رسول حق تعالیٰ کے خاندان سے تھےاور تُو بھی اِسی خاندان کا چشم و چراغ ہے ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ کمزور مسیحی بھی اُتنا ہی خُدا کا فرزند ہے جتنا کہ کوئی مضبوط مسیحی کیونکہ معاملہ ایمان کا ہے۔
یہ عہد مضبوطی سے قائم ہے،
خواہ زمین کے پرانے ستون جُھک جائیں،
مضبوط، ناتواں اور کمزور،
ہم سب مسیح میں ایک ہیں۔
کسی بڑے خاندان کے اندراج میں سارے نام یکساں درج ہوتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ کِسی کے پاس دوسرے سے زیادہ فضل ہو، لیکن ہمارے آسمانی باپ کا شفیق دِل سب کے لیے ایک جیسا ہے۔ مُمکن ہے کہ کوئی زیادہ بڑے کام کرے اور اپنے باپ کے لیے زیادہ بڑے جلال کا باعث بنے، لیکن وہ جِس کا نام آسمان کی بادشاہی میں سب سے چھوٹا ہے، وہ بھی اُتنا ہی خُدا کا فرزند ہے جتنا کہ وہ جس کا شمار سورماؤں میں ہوتا ہے۔ جب ہم خُدا کے قریب آتے اور اُسے ’’ اے ہمارے باپ ‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں، تو اِس بات سے ہمیں حوصلہ اور تسلی ملتی ہے۔البتہ ، جہاں ہمیں یہ جان کر تسلی مِلتی ہے، وہیں ہمیں کمزور اِیمان پر قناعت نہیں کرنی چاہیے، بلکہ رسولوں کی طرح اِسے بڑھانے کی دُعا کرنی چاہیے ۔ ہمارا اِیمان کتنا ہی ناتواں کیوں نہ ہو، اگر وہ مسیح پر حقیقی اِیمان ہے، تو ہم آخر کار آسمان تک پہنچ ہی جائیں گے، لیکن ہم اُس کے بل بوتے پر اپنی اِس مُسافرت میں اپنے مالک کو زیادہ عزت اور جلال نہ دے سکیں گے اور نہ ہی ہماری زندگی خوشی اور اِطمینان سے معمور ہوگی۔ پس، اگر آپ مسیح کے جلال کے لیے جینا چاہتے ہیں اور اُس کی خدمت میں خوش رہنا چاہتے ہیں، تو اِس بات کی جستجو کریں کہ آپ روح القدس سے معمور ہوکر ایمان کی نعمت سے ملبس ہوں۔

یوحنا 15: 9

’’ جَیسے باپ نے مُجھ سے مُحبّت رکھّی وَیسے ہی مَیں نے تُم سے مُحبّت رکھّی۔‘‘
جیسے باپ اپنے اکلوتے بیٹے یسوعؔ سے محبت رکھتا ہے، عین اُسی طرح یسوعؔ اپنے لوگوں سے محبت رکھتا ہے۔ وہ الٰہی طریقہ کیا ہے؟ اُس نے اپنے بیٹے سے ایسی محبت رکھی جِس کا کوئی نقطۂ آغاز نہیں تھا یعنی ازلی محبت ، اور اِسی طرح یسوعؔ اپنے لوگوں سے محبت رکھتا ہے۔ ’’ مَیں نے تجھ سے ابدی (ازلی) محبت رکھی ہے ‘‘ (یرمیاہ ۳۱: ۳)۔ آپ اِنسانی مِہربانی کے آغاز کا سراغ لگا سکتے ہیں، آپ مسیح سے اپنی مُحبت کی شروعات کے مقام تک آسانی سے پہنچ سکتے ہیں، لیکن جو محبت مسیح نے ہم سے رکھی وہ ایک ایسا ہمیشہ جاری رہنے والا دھارا ہے جِس کا منبع ازلیت میں پوشیدہ ہے۔ مسیح کے ساتھ خُدا کی محبت لاتبدیل ہے ۔ اے مسیحی ! اپنی تسلی کے لیے اِسے جان لے کہ یسوعؔ مسیح کی محبت میں اُن کے لیے کبھی کوئی ردوبدل نہیں آتا جو اُس میں آرام پاتے ہیں۔ کل تُو کوہِ تابور کی چوٹی پر تھا اور کہا کہ ’’ یقیناً وہ مُجھ سے محبت رکھتا ہے ‘‘ اور آج تُو ایک نشیبی وادی میں ہے ، مگر وہ پھر بھی تُجھ سے ویسی ہی محبت رکھتا ہے۔ کوہِ مصغار پر اور حرمون کے پہاڑوں کے درمیان تُو نے اُس کی آواز سُنی جو محبت کی فاختہ جیسی کومل ، شیریں اور مدھر تھی، پر اب سمندر پر، یا سمندر کے بیچوں بیچ بھی، جب اُس کی ساری لہریں اور موجیں تیرے اوپر سے گزر رہی ہیں ، تب بھی اُس کا دِل اپنے ازلی چنیدہ بندے کے ساتھ وفادار ہے۔باپ بیٹے سے ایسی محبت رکھتا ہے جِس کا کوئی اِختتام نہیں، اور اِسی طرح بیٹا بھی اپنے لوگوں سے ابدی محبت رکھتا ہے۔ اے خُدا کے مُقدّس بندے! تُجھے چاندی کی ڈوری کے ٹوٹنے کا ڈر نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ تیرے لیے اُس کی مُحبت کبھی ختم نہ ہوگی۔ اِس یقین کے ساتھ سکون اور اطمینان پا کہ قبر تک بھی مسیح تیرے ساتھ جائے گا، اور وہاں سے دوبارہ جی اُٹھنے پر وہ آسمان کی بادشاہی تک تیرا رہبر و رہنما ہوگا۔ مزید یہ کہ باپ بیٹے سے بغیر کِسی پیمانے کے مُحبت رکھتا ہے، اور وہی بے اِنتہا مُحبت بیٹا اپنے برگزیدہ لوگوں کو بھی عطا کرتا ہے۔ یسوعؔ کا سارا دِل اپنے لوگوں کے لیے وقف ہے۔ اُس نے ’’ ہم سے محبت رکھی اور اپنے آپ کو ہمارے واسطے دے دیا ‘‘۔ اُس کی مُحبت ایسی ہے جو فہم و ادراک سے بالاتر ہے ۔آہ! ہمارے پاس فی الحقیقت ایک غیر متبدل مُنجی ہے، ایک قیمتی نجات دہندہ، وہ جو بغیر کِسی پیمائش، تبدیلی، آغاز اور اِختتام کے ہمارے ساتھ محبت رکھتا ہے، بالکل ویسے ہی جیسے باپ اُس سے مُحبت رکھتا ہے! اِس بھید کے اندر اُن لوگوں کے لیے بہت سے رُوحانی مقویات پنہاں ہیں جو اِسے ہضم کرنا جانتے ہیں۔ کاش خُدا روح القدس ہمیں اِس کی اصل حقیقت اور گہرائی تک لے جائے!
5