جمعہ، 30 جنوری 2026


مصنف: چارلس سپرجن | ترجمہ کار: اسٹیفن رضاؔ

۲۔ سموئیل 5: 24

’’اور جب تُوت کے درختوں کی پھُنگیوں میں تُجھے فوج کے چلنے کی آواز سُنائی دے تو چُست ہو جانا۔‘‘
مسیح کی کلیسیا کو بہت زیادہ دُعا گو ہونا چاہیے اور ہمیشہ اُس قدوس کے مسح کے طالب رہنا چاہیے تاکہ اُن کے دِلوں پر اُس کا فضل چھایارہے، مسیح کی بادشاہی آئے اور اس کی مرضی جیسی آسمان پر پوری ہوتی ہے زمین پر بھی ہو۔ لیکن کچھ ایسے اوقات بھی ہوتے ہیں جب خدا صیون پر خاص طور پر مہربان ہوتا ہے، ایسے ایام ایمانداروں کے لیے شہتوت کے درختوں کی پھنگیوں میں چلنے کی آواز جیسے ہونے چاہئیں۔ اُس وقت ہمیں پہلے سے دُگنا دُعا گو اور سنجیدہ ہو کر فضل کے تخت کے سامنے پہلے سے بڑھ کر جوش اور جذبے کے ساتھ مناجات کرنی چاہیے۔ ایسے وقت میں عمل فوری اور بھرپور ہونا چاہیے۔ جب لہریں موافق ہوں تو ہمیں پوری قوت سے کنارے کی طرف بڑھنا چاہیے۔ کاش کہ ہمیں پنتکست جیسی معموری اور محنت ایک بار پھر سے نصیب ہو جائے ! اے مسیحی، تیری اپنی زندگی میں بھی ایسے لمحات اکثر آتے رہتے ہیں جب تُجھے شہتوت کے درختوں کی پھنگیوں میں چلنے کی آواز صاف سنائی دیتی ہے ۔ اُس وقت تجھے دُعا میں ایک خاص قوت محسوس ہوتی ہے، خدا کا روح تجھے خوشی اور اطمینان بخشتا ہے، کتابِ مقدس کے بھید تجھ پر خودبخود وا ہوتے چلے جاتے ہیں اور خُدا کے وعدے تیری زندگی میں پورے ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ تب تُو خدا کے چہرے کی تجلی میں چلتا ہے، اُس کی عبادت میں ایک خاص آزادی محسوس کرتا ہےاور مسیح کے ساتھ تیری رفاقت پہلے سے کہیں زیادہ گہری ہو جاتی ہے۔ جب تُو خوشی کے ان ایام میں شہتوت کے درختوں کی پھنگیوں میں فوج کے چلنے کی یہ آواز سنے ، تو یہی وقت ہے کہ تُو خود کو پوری طرح قوت کے ساتھ متحرک کر لے۔ کیونکہ یہی وہ وقت ہے جب روح القدس تیری کمزوریوں میں تیری مدد کرے گا اور تجھے اپنی ہر بُری عادت سے چھٹکارا ملے گا۔ اپنا بادبان پھیلا دے ، لیکن وہ الفاظ یاد رکھنا جو ہم اکثر گاتےہیں:
؎بادباں کو کھولنا ہے میرا کام
تُو ہی اس میں بھر دے اپنا فضلِ تمام
بس یہ یقین رکھنا کہ تیری کشتی کا بادبان کھلا ہوا ہے۔ تیاری کی کمی کی وجہ سے اس مبارک ہوا کو ضائع مت ہونے دینا ۔ خدا سے مدد مانگ تاکہ جب تجھے ایمان میں مضبوطی ملے تو تُو اپنے فرائض میں پہلے سے زیادہ مستعد پایا جائے ۔ جب فضل کے تخت تک رسائی میں آزادی ملے تو دُعا میں اَور زیادہ ثابت قدم ہو جا اور جب جب تُو مسیح کی قربت میں جانا چاہے تو اپنی گفتگو اور چال چلن میں پہلے سے کہیں زیادہ پاکیزگی اختیار کر لینا۔

افسیوں 1: 11

’’اُسی میں ہم بھی پیشتر سے مقرر ہو کر میراث بنے۔‘‘
جب یسوعؔ نے اپنے آپ کو ہمارے واسطے دے دیا، تو اُس نے ہمیں وہ تمام حقوق اور مراعات بھی بخش دیں جو اُس کی اپنی ذات کے ساتھ وابستہ تھیں۔ اب اگرچہ ابدی خدا ہونے کے ناطے وہ اپنی ذات میں کچھ ایسے موروثی اور جداگانہ حقوق رکھتا ہے جن کا کوئی مخلوق دعویٰ نہیں کر سکتی، لیکن بطور یسوعؔ ، یعنی درمیانی اور فضل کے عہد کے سربراہ ، ہمارے بغیر اُس کی کوئی میراث نہیں ۔ اُس کی جان دینے تک فرمانبرداری کے تمام جلالی ثمرات ایمانداروں کی وہ دولتِ مشترکہ ہے جو اُن سب کے واسطے ہے جو اُس میں شامل ہیں یعنی جن کے واسطے اُس نے خُدا کی مرضی کو پورا کرتے ہوئے اپنی جان صلیب پر دے دی۔ دیکھئے، وہ جلال میں داخل ہوتا ہے ، لیکن صرف اپنے لیے نہیں، کیونکہ لکھا ہے کہ ’’جہاں یسوعؔ ہمیشہ کے لئے ہماری خاطر پیش رو کے طور پر داخل ہُوا ہے ‘‘۔ کیا وہ خدا کے حضور صرف اپنے لئے حاضر ہُوا؟’’تاکہ اب خدا کے روبرو ہماری خاطر حاضر ہو‘‘۔ اے ایماندار، اس پر غور کر؛ ہمارا اپنے طور پر آسمان پر کوئی حق نہیں ہے بلکہ ہمارا حق مسیح میں پوشیدہ ہے۔ اگر ہمیں معافی ملی ہے تو یہ اُس کے خون کے وسیلہ سے ہے۔ اگر ہم راستباز ٹھہرائے گئے ہیں تو یہ اُس کی راستبازی کے باعث ہے۔ اگر ہم پاک کیے گئے ہیں تو اِس لیے کہ خدا کی طرف سے وہ ہمارے لیے پاکیزگی بنا۔ اگر ہم گرنے سے محفوظ رہیں گے تو اس لیے کہ ہم مسیح یسوعؔ میں محفوظ ہیں۔ اور اگر آخر کار ہم کامل ٹھہریں گے تو اِس لیے کہ ہم اُس میں کامل ہیں۔ یسوعؔ کی عظمت اِسی سے ظاہر ہوتی ہے کیونکہ سب کچھ اُسی میں اور اُسی کے وسیلہ سے ہے، اور اِس طرح اُس کی میراث بھی ہمارے لیے یقینی بن جاتی ہے کیونکہ یہ اُسی کے وسیلہ سے ہمیں حاصل ہوتی ہے۔ لہٰذا، ہمارے لئے ہر ایک برکت پہلے سے زیادہ شیریں بن جاتی ہے بلکہ خود آسمان بھی زیادہ روشن ہو جاتا ہے کیونکہ یہ ہمارا محبوب یسوعؔ ہی ہے ’’جس میں‘‘ ہم نے یہ سب کچھ پایا ہے۔ کون ہے جو ہمارے اِس الہٰی بخرے کا اندازہ لگا سکے؟ مسیح کی دولت اور اُس کے خزانوں کو ترازو میں تولئے اور پھر اُن نعمتوں کا تخمینہ لگانے کا سوچئے جو مقدسوں کی میراث ہیں۔ مسیح کی شادمانی کے سمندر کی گہرائی تک پہنچئے اور پھر اِس راحت کو سمجھنے کی اُمید کیجئے جو خدا نے اپنے محبت کرنے والوں کے لیے تیار کی ہے۔ مسیح کی ملکیت کو اپنی میراث کے طورپر لیجئے اور پھر برگزیدوں کی اِس میراث کے لئے دِل سے خدا کی شکرگزاری کیجئے۔ ’’سب (چیزیں ) تمہاری ہیں، کیونکہ تم مسیح کے ہو اور مسیح خدا کا ہے‘‘۔
12