کیا خُوش نُما ہیں آج نظارے زمین پر
عمانوئیل نذیر مانی
غزلیات
مطالعات: 110
پسند: 0
کیا خُوش نُما ہیں آج نظارے زمین پر
اُترے ہیں آسمان سے تارے زمین پر
خُوشبو، ہوائیں، پھُول یہ کُہسار یہ بہار
تیرے ظُہور کے ہیں اِشارے زمین پر
آنکھوں میں وحشتوں کے شرارے لئے ہوئے
دیکھے ہیں ہم نے درد کے مارے زمین پر
یہ مُشکلِیں تو اور بھی بڑھ جائیں گی، اگر
بیٹھے رہیں گے حوصلہ ہارے زمین پر
کِس طرح بھُول جائیں وہ جنّت کی چاہ میں
ہم نے جو روز و شب ہیں گُزارے زمین پر
اُس کُوزہ گر نے کوئی بھی چھوڑی نہیں کمی
ہم پھِر بھی ڈُھونڈتے ہیں سہارے زمین پر
مانیؔ خُدا نے بھیج دئیے ماں کے رُوپ میں
سارے مَحبّتوں کے اِدارے زمین پر
واپس جائیں