Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
پیار بھرا یہ گھر کیسا ہے - فاختہ

پیار بھرا یہ گھر کیسا ہے

وکٹر جان نظمیں مطالعات: 6 پسند: 0

پیار بھرے اک ہنستے گھر کی آج کہانی لایا ہوں
جس کے باسی دھن کی خاطر
اپنے ہر اک عیش کی خاطر
ہر اک لمحہ
تانے بانے بنتے ہیں
ہر کاوش کا مقصد دھن ہے
ہر محنت کا حاصل دھن ہے
زر سے جب زر دار وہ ہوں گے
دنیا ان کے ہاتھ میں ہو گی
کٹھ پُتلی سی دنیا ان کے ہاتھ میں ہوگی
پیار بھرے اس ہنستے گھر میں
زر نے ہر اک عشرت ڈھو دی
اس کی خاک میں دھن والوں نے
اپنی ہر اک خواہش بو دی
جیسے دور کے ڈھول سہانے
ویسے ہی اس ہنستے گھر میں
ہر اک خواہش
نوحوں کی بنیاد کے اوپر
ناچ رہی ہے
شام بھئے اس گھر کا ہر اک
کمرہ روشن ہوتا ہے
جگ مگ کرتی روشنیوں سے
چاند بھی شرما جاتا ہے
اور اسی اک ہنستے گھر کے اک کمرے میں دو روحیں ہیں
بوڑھی روحیں
اپنا اپنا جیون باندھے
اپنے سارے خواب سمیٹے
گھور اندھیرا پھانک رہی ہیں
ہانپ رہی ہیں
کب سے پیار کے بول کو ترسیں
چڑیا کی چہکار سنیں تو
دل کو تھام کے رہ جاتی ہیں
بچوں کی آواز سنیں تو
سانسیں ٹوٹنے لگتی ہیں اور
روحیں کانپ کے رہ جاتی ہیں
جن کی خاطر ان روحوں نے
اپنے خون کے دیپ جلائے
سارا جیون بھوک کی چادر
اوڑھے رکھی
خوابوں کو نیلام کیا اور خوشیوں کے سب قرض اتارے
ان روحوں سے ملنے کوئی
گھر کا باسی کیسے آئے
خوابوں کی تعبیر جدا ہے
خواب جدا ہیں
ان دونوں میں کیسا میل
بوڑھی روحیں
ایسی آس بھی کیا رکھیں
کہ کوئی آئے اپنا آئے
اب تو ان کی آس کا کاسہ
موت کا سکہ مانگ رہا ہے
وہ سکہ جو اس جیون میں کام نہ آیا
اب ان کی امید کا دامن
موت کی ڈوری ڈھونڈ رہا ہے
جس کو تھامے رفتہ رفتہ
وہ اس خاک کی گود میں اتریں
جس میں اک دن دھن والوں نے
اپنی ہر اک خواہش بو دی
اپنی ہر اک عشرت ڈھو دی
یہ نظارہ تکتے تکتے
میرے آنسو سرد آہوں
سے پوچھ رہے ہیں
قبروں کی آغوش میں جاتی
روحیں اتنی شانت ہیں کیسے
دیمک چاٹتی دیواروں میں
در کیسا ہے
پیار بھرا یہ گھر کیسا ہے
پیار بھرا یہ گھر کیسا ہے
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید