ترے خوابوں میں کھونا چاہتا ہوں
نذیر قیصر
غزلیات
مطالعات: 169
پسند: 1
ترے خوابوں میں کھونا چاہتا ہوں
میں لمبی نیند سونا چاہتا ہوں
۔۔۔
دئیے جلتے ہیں سائے ڈولتے ہیں
ہوا چلتی ہے رونا چاہتا ہوں
۔۔۔
کوئی نغمہ کہیں کوئی پرندہ
کہ میں آزاد ہونا چاہتا ہوں
۔۔۔
غُبارِ ہجر تیرے موسموں میں
جو کاٹا ہے وہ بونا چاہتا ہوں
۔۔۔
وہ رنگوں کا وہ خوشبو کا مسافر
میں اُس کے پاؤں دھونا چاہتا ہوں
۔۔۔
اُفق بے رنگ ہوتے جا رہے ہیں
کوئی سُورج ڈبونا چاہتا ہوں
واپس جائیں