میں اُن کے ساتھ ہوں
جو سولیوں پر ڈولتے سایوں کا ماتم ہیں
میں ان کے ساتھ ہوں
جو تیغ کی دہلیز پر لفظوں کا موسم ہیں
میں ان کے ساتھ ہوں
جو آنگنوں میں دن کا سایا
کشتیوں میں جال
اور کھیتوں میں بارش چھوڑ کے بے گھر ہوئے ہیں
میں ان کے ساتھ ہوں
جو زینہ زینہ لڑکھڑاتی رات کے ہاتھوں میں
خوابوں کاپیالہ ہیں
سُلگتے رتجگوں میں آتی صبحوں کا حوالہ ہیں
میں ان کے ساتھ ہوں