شام بخیر۔ میرا نام ایرِیکا کرکؔ (Erica Kirk) ہے۔ چارلی کرکؔ میرے شوہر ہیں۔

سب سے پہلے میں مقامی، ریاستی اور قانون نافذ کرنے والے وفاقی اداروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میرے شوہر کے قاتل کو گرفتار کرنے کے لیے انتھک محنت کی تاکہ اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ میں ابتدائی مددگاروں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے نہایت جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چارلسؔ (Charles) کی جان بچانے کے لئے جدوجہد کی اور پولیس کا بھی شکریہ جس نے بڑی بہادری کے ساتھ اِس امر کو یقینی بنایاکہ اُس خوفناک سہ پہر میں کوئی اَور اِس حادثے کا شکار نہ ہو۔

میں اُن افسران کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے پچھلے دو دنوں میں ہماری Turning Point USA فیملی کو تحفظ فراہم کیا۔ اور میں Turning Point USA بورڈ، سی او او جناب جسٹن اسٹرائیفؔ (Justin Strife)، اور اپنے شوہر کے چیف آف اسٹاف، جناب مائکی میک کوئے ؔ (Mikey McCoy) کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جو اِ ن مشکل دنوں میں ہماری فیملی اور Turning Point USA کے وسیع تر خاندان کے لئے صبر و استقامت کا وسیلہ بنے۔

میرا دل اپنے شوہر کے ہر اُس خدمت گذار کے ساتھ ہے جس نے ایک دوست اور رہنما کھو دیا ہے۔ میں اُن کے شاندار Charlie Kirk شو کے جملہ اسٹاف ممبرز کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے اِس اسٹوڈیو اور اِس کرسی سے ہر روز اپنا پیغام نشر کرنے میں اُن کی ہر طرح سے مدد کی۔ اُنہیں یہ شو بے حد پسند تھا۔ وہ اپنے کام سے محبت کرتے تھے۔

میں یہاں فینکس (Phoenix) ، پورے امریکہ اور دُنیا بھر سے تعلق رکھنے والے اُن لاکھوں لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے چارلی ؔ کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے ۔ میں اپنے شوہر کے عزیز دوست، وائس پریزیڈنٹ وینسؔ (Vance) ، اور ان کی خوبصورت اہلیہ اُوشا ؔ (Usha) کی ساری محبت اور تعاون کے لیے بھی اُن کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ آپ دونوں نے میرے شوہر کو گھر واپس لانے میں بڑی عزت و تکریم کا اظہار کیا۔ آپ دونوں بہت عظیم ہیں۔

اِسی ضمن میں ، میں صدر ٹرمپ ؔ اور اُن کے لاجواب خاندان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ جناب صدر، میرے شوہر آپ سے محبت کرتے تھے ۔ اور وہ جانتے تھے کہ آپ بھی ان سے محبت رکھتے ہیں۔ یہ سچ ہے۔ آپ کی دوستی بہت شاندار تھی۔ آپ نے ہمیشہ اُن کی حمایت کی جیسے اُنہوں نے بھی ہر قدم پر آپ کا ساتھ دیا۔

دو دن پہلے میرے شوہر چارلی ؔ اپنے نجات دہندہ اور اپنے خدا کے دیدار کے لئے آسمان پر چلے گئے۔ چارلی ؔ ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ جب میں دُنیا سے چلا جاؤں تو میری خواہش ہے کہ لوگ مجھے میری دلیری اور میرے ایمان کے حوالے سے ہمیشہ یاد کریں۔ اور اِس زمین پر اپنے آخری مکالمات میں، میرے شوہر نے اپنے خداوند اور نجات دہندہ یسوع مسیح کی گواہی کو عام کیا۔اب اور ہمیشہ کے لیے ، وہ اپنے سر پر شہید کا جلالی تاج پہنے ہوئے اپنے نجات دہندہ کے پہلو میں ایستادہ ہوں گے ۔

چارلی ؔ کو زندگی سے محبت تھی۔ اُنہیں اپنی زندگی بہت عزیز تھی۔ وہ امریکہ سے محبت کرتے تھے۔ وہ فطرت سے محبت کرتے تھے جو ہمیشہ انہیں خدا کے قریب لاتی تھی۔ وہ شکاگو کبز (Chicago Cubs) کے ساتھ گہرا لگاؤ رکھتے تھے، اور انہیں اوریگن ڈکس (Oregon Ducks) سے بھی بے پناہ محبت تھی۔ وہ مجھے بھی کہا کرتے تھے بولو "گو ڈَکس!" اور چونکہ وہ سنیچر کے روز کھیلتے ہیں، اِس لئے میں آج بھی کہوں گی ’’گو ڈَکس!‘‘ ۔

لیکن سب سے بڑھ کر، چارلی ؔ اپنے بچوں سے بے حد پیار کرتے تھے۔ اور وہ مجھے اپنے پورے دل سے چاہتے تھے۔ اور میں جانتی تھی، ہر روز دیکھتی تھی۔ وہ ہمیشہ پوچھتے، "میں کیسے بہتر طور پر تمہاری خدمت کر سکتا ہوں؟ میں ایک بہتر شوہر کیسے بن سکتا ہوں؟ میں ایک بہتر باپ کیسے بن سکتا ہوں؟" وہ بہت نفیس انسان تھے۔ اور آج بھی ہیں ۔ وہ ایک کامل باپ اور کامل شوہر تھے۔

چارلی ؔ ہمیشہ مانتے تھے کہ ازدواج اور خاندان کے لیے خدا کا منصوبہ بہت عظیم اور شاندار ہے۔ اور ایسا ہی ہے۔ یہ اُن کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی تھی۔ بار بار ، وہ نوجوانوں سے یہی کہا کرتے تھے کہ وہ اپنے اپنے لئے ایک ایک شریکِ حیات ڈھونڈیں، شادی کریں اور والدین بنیں ، کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ سب لوگ اُس شادمانی کا تجربہ حاصل کریں جو اُنہیں حاصل تھی اور آج بھی حاصل ہے۔ وہ چاہتے تھے کہ ایک خاندان کی پرورش کرنے کے ذریعہ سے ہم سب آسمان کی بادشاہی کا نظام اِس زمین پر رائج کریں۔

چارلی ؔ ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ اگر وہ کبھی حکومت میں آئے تو اُن کی سب سے بڑی ترجیح امریکی خاندان کی بحالی ہوگی۔ یہی اُن کی ترجیح تھی۔ بائبل مقدس میں سے اُن کی پسندیدہ آیت افسیوں ۵: ۲۵ تھی جہاں مرقوم ہے کہ ، ’’اے شوہرو! اپنی بیویوں سے محبت رکھو جیسے مسیح نے بھی کلیسیا سے محبت کر کے اپنے آپ کو اُس کے واسطے موت کے حوالہ کر دیا‘‘۔ میرے شوہر نے اپنی جان میرے لیے، ہماری قوم کے لیے اور ہمارے بچوں کے لیے قربان کی ۔ اُنہوں نے حقیقی اور عہدی محبت کا مظاہرہ کیا۔

اِس صدمے سے میرے دِل کو جتنی چوٹ لگی ہے اُس کو میں کبھی لفظوں میں بیان نہیں کر پاؤں گی۔ یقین مانیں، مجھے کچھ اندازہ نہیں کہ سب یکدم کیا اور کیسے ہو گیا۔ مگر میں جانتی ہوں کہ خُدا سب کچھ جانتا ہے ، لیکن مجھے کچھ نہیں معلوم۔ البتہ چارلیؔ، جانِ من، میں جانتی ہوں کہ آپ بھی جانتے ہو۔ اور ہمارا خداوند بھی جانتا ہے۔

ہماری دُنیا برائی سے بھری پڑی ہے۔ مگر ہمارا خدا نہایت بھلا ہے۔ وہ بہت بھلا ہے۔ اور ہم کو معلوم ہے کہ سب چیزیں مل کر خُدا سے محبت رکھنے والوں کے لئے بھلائی پیدا کرتی ہیں یعنی اُن کے لئے جو خُدا کے ارادہ کے موافق بلائے گئے ہیں۔

میں اُن سب محبتوں کو پہلے ہی دیکھ چکی ہوں جو میرے شوہر کے لئے پوری دُنیا کی طرف سے ہم پر نچھاور کی جا رہی ہیں۔ میں اُن لوگوں کی گواہیاں بھی سُن چکی ہوں جنہوں نے بتایا کہ وہ کس طرح چارلیؔ سے متاثر ہو کر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے، اپنے اپنے خاندان کا آغاز کیا اور خُدا کے ساتھ ایک شخصی تعلق قائم کرنے کے لئے جستجو کی۔ یہ سب سے خاص بات ہے۔

وہ بُرے لوگ ، جو میرے شوہر کے قتل کے ذمہ دار ہیں اُنہیں معلوم نہیں کہ اُنہوں نے کیا کر دیا ہے۔ اُنہوں نے وطن پرستی، ایمان اور خُدا کی رحمت بھری محبت کا پیغام عام کرنے کی پاداش میں چارلیؔ کو جان سے مار دیا۔ مگر اُن سب کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ اگر تُم سمجھتے ہو کہ میرے شوہر کا مشن پہلے جیسا طاقتور نہیں رہے گا تو میں تمہیں بتانا چاہتی ہوں کہ تمہیں اندازہ نہیں ہے کہ تُم نے اِس پورے ملک اور دُنیا بھر میں کس مصیبت کا دروازہ کھول دیا ہے۔ تمہیں اُس آگ کا اندازہ نہیں ہے جس کی چنگاری کو تم نے اِس بیوہ کے اندر ہوا دی ہے۔ اِس بیوہ کی آہیں اب ایک جنگی للکار کی طرح پوری دُنیا میں گونجیں گی۔

پورے امریکہ سے آج جو کوئی بھی میری آواز کو سن رہا ہے وہ یہ جان لے کہ میرے شوہر نے جو تحریک شروع کی تھی وہ ختم نہیں ہوگی۔ بالکل نہیں۔ میں ایسا ہونے نہیں دوں گی۔ ہم سب ایسا ہونے نہیں دیں گے۔ میں اپنے شوہر کا نام کسی کو بھولنے نہیں دوں گی۔ اور میں ایسا کر کے رہوں گی۔ یہ تحریک پہلے سے زیادہ مضبوط ، توانا اور بڑی ہوگی۔ میرے شوہر کا مشن ختم نہیں ہو گا ، ایک لمحے کے لئے بھی۔

چارلیؔ میں جتنی لاجواب صلاحیتیں پائی جاتی تھیں اُن میں سے ایک کمال یہ بھی تھا کہ وہ بڑے بڑے لوگوں کو اپنی پیروی پر مائل کر لیتے تھے۔ وہ ہمیشہ ایسے لوگوں کو ڈھونڈ لیتے تھے جن میں کسی بھی مشکل سے نپٹنے کی صلاحیت پائی جاتی تھی۔ اُن کے پاس یہ کوئی خاص الہٰی نعمت تھی۔ وہ آپ کی صلاحیت کو فوراً بھانپ لیتے تھے، بھلے آپ کو خود بھی اُس صلاحیت کا پتہ نہ ہو۔ وہ جانتے تھے کہ آپ کس صورتحال سے بخوبی نپٹ سکتے ہیں۔ آپ کو لگتا کہ آپ میں وہ صلاحیت صرف ۵ فیصد باقی رہ گئی ہے مگر اُنہیں معلوم ہوتا تھا کہ وہ ۵ نہیں بلکہ ۱۵ فیصد ہے۔ وہ جانتے تھے کہ آپ دو کوس جانے کے لئے تیار ہیں، بھلے آپ خود نہ جانتے ہوں۔ وہ ہمیشہ اپنے اردگرد موجود لوگوں کو اَور زیادہ اور بہتر طور پر محنت کرنے پر اُبھارتے تھے۔ اُنہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری تھی۔ اُن کے نعروں میں سے ایک یہ بھی تھا کہ ’’کبھی ہار مت مانو‘‘۔ اِس لئے میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ ہم کبھی ہار نہیں مانیں گے۔ بالکل بھی نہیں۔ کبھی بھی نہیں۔

اِس موسمِ خزاں کے دوران ہمارا کیمپس ٹور جاری رہے گا۔ آنے والے برسوں میں مزید ٹورز ہوں گے۔ اِس دسمبر کو فینکس میں ہونے والا امریکہ فیسٹ (America Fest) ضرور ہوگا۔ بلکہ پہلے سے زیادہ بڑا ہوگا۔ وہی ریڈیو اور پوڈکاسٹ شو جن پر اُنہیں بہت ناز تھا، جاری رہے گا۔ اِس ابتری، تشکیکیت اور غیر یقینی سے بھری دُنیا میں میرے شوہر کی آواز ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گی۔ یہ پہلے سے زیادہ بلند اور شفاف طور سے گونجے گی، اور اُن کی بصیرت سے لوگ ہمیشہ فیض یاب ہوتے رہیں گے۔

میرے شوہر کا پسندیدہ لفظ جو میرا بھی پسندیدہ لفظ تھا، "Earn" یعنی "کمانا" تھا۔ وہ آپ سب کو ایسے عملی لوگ بننے کی تلقین کیا کرتے تھے، جو اپنی محنت سے اُس مستقبل کوکمائیں جس کا امریکہ حقدار ہے۔ لہٰذا، وہ تمام نوجوان لوگ جو میرے شوہر کے ایمان اور محنت سے متاثر ہیں، آپ پہلے ہی جانتے ہیں کہ چارلیؔ آپ سے کیا چاہتے تھے۔ اگر آپ ہائی اسکول یا کالج میں ہیں تو اپنے مقامی Turning Point USA کے مقامی دفتر کو تلاش کریں۔ اس میں شامل ہوں۔ اس سے جڑے رہیں۔ وہ چاہتے تھے کہ آپ تبدیلی لائیں۔ اور آپ یہ کر سکتے ہیں۔ یہ تحریک کہیں نہیں جا رہی، بلکہ آپ کی شمولیت سے یہ اَور مضبوط ہوگی۔ اور اگر کوئی حلقہ فی الحال موجود نہیں، تو ایک نئے حلقے کی داغ بیل ڈالیں۔ کوئی عذر مانع نہیں ہونا چاہئے۔ آپ خود شروع کر سکتے ہیں۔

جیسا کہ میرے شوہر ہر روز اپنی اِس نشست سے کہا کرتے تھے کہ اگر آپ شامل ہونا چاہتے ہیں، تو اُس کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ tpusa.com پر جائیں۔ اگر آپ پاسبان ہیں، تو "TPUSA Faith" کے ذریعے ہماری تحریک میں شامل ہوں۔ اور اگر آپ والدین ہیں، تو میں آپ کو بھرپور مشورہ دوں گی کہ آپ اس دسمبر " America Fest " میں آئیں۔ ابھی اپنا نام درج کرائیں۔ آپ کو دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہو گی۔ چارلیؔ خود بھی وہاں موجود ہوں گے۔ وہ روح میں وہاں موجود ہوں گے۔ اپنے بچوں کو بھی لائیں۔ بلکہ اپنے پورے خاندان کو لائیں۔

لیکن سب سے بڑھ کر، اگر آپ کسی چرچ کے رکن نہیں ہیں تو میں آپ سے التجا کرتی ہوں کہ بائبل مقدس پر ایمان رکھنے والی کسی نہ کسی کلیسیا کا ضرور حصہ بنیں۔ ہماری لڑائی محض سیاسی نہیں ہے۔ سب سے بڑھ کر ، یہ ایک روحانی جنگ ہے۔ اِس روحانی جنگ کو واضح طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے۔ چارلی اپنے سارے دِل سے اپنےنجات دہندہ سے محبت رکھتے تھے۔ اور وہ چاہتے تھے کہ آپ سب بھی اُسے جانیں۔ وہ چاہتے تھے کہ سب لوگ اِس حقیقت کو جان لیں کہ اگر کوئی خداوند یسوع مسیح کا اقرار کرے، جو مُردوں میں سے جی اُٹھا، تو وہ نجات پائے گا۔

میری اِس بات کو توجہ سے سُنیں کہ کوئی بھی انسان اتنا کم عمر نہیں کہ انجیل کو نہ جان سکے۔ کوئی نہیں۔ اور کوئی بھی اتنا کم سِن نہیں کہ اس خوبصورت ملک کی نجات میں شریک نہ ہو سکے۔ اور کوئی بھی اتنا عمر رسیدہ نہیں کہ اس کا حصہ نہ بن سکے۔ عمر کی کوئی قید نہیں۔

مجھے یقین ہے کہ میرا شوہر اب بھی ہمارے ساتھ ہے۔ وہ ہمیں دیکھ رہے ہیں۔ مجھے یاد نہیں کہ میں آخری بار کب سکون سے سو پائی تھی۔ پچھلی رات بھی میں سو نہیں سکی۔ چارلیؔ ، جانِ من، میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں آپ کی میراث کو کبھی مرنے نہیں دوں گی۔ میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں Turning Point USA کو اس ملک کی سب سے بڑی تحریک بنا دوں گی۔ یہ میرا وعدہ ہے ۔ چارلیؔ ، میں تم سے محبت کرتی ہوں۔ اپنے خداوند کی آغوش میں آرام کرو، اور وہ اپنے اُسی کلام کے پردے میں لپیٹ لے جسے سننے کے لئے تمہارا دِل ہمیشہ بیتاب رہتا تھا کہ ’’شاباش، میرے اچھے اور دیانتدار نوکر!‘‘

جب میں کل رات گھر آئی، تو ہماری بیٹی جیجی ؔ (Gigi) دوڑ کر میری بانہوں میں چلی آئی۔ اُس نے کہا ، ’’ممی، میں نے آپ کو بہت مِس کیا‘‘ ۔میں نے کہا، ’’میں بھی تمہیں بہت مِس کر رہی تھی، میرے بچے۔" پھر اس نے پوچھا، ’’ڈیڈی کہاں ہیں؟‘‘ آپ تین سال کے بچے کو کیا بتائیں گے ؟ میں نے کہا، ’’میری جان، ڈیڈی آپ سے بہت پیار کرتے ہیں۔ فکر نہ کرو۔ وہ یسوعؔ کے ساتھ ایک دورے پر گئے ہیں تاکہ تمہارے blueberry budget کا انتظام کر سکیں۔‘‘

اوہ میرے خُدایا، میں بڑی عاجزی کے ساتھ یہ گواہی دیتی ہوں کہ چارلیؔ اس وقت ، یسوعؔ کے ساتھ ہیں اور وہ عین وہی کام کر رہے ہیں جو وہ ہمیشہ سے کرنا چاہتے تھے، آسمان کو روحوں سے بھر نا۔ اور یہی ہمارا مقصدِ کُلی ہے۔ آسمان کو روحوں سے بھرنا۔

مجھے اُس دن کا شدت سے انتظار رہے گا جب آپ سے میری دوبارہ ملاقات ہوگی!

اُن سب لوگوں کا ایک بار پھر سے شکریہ جنہوں نے میرے شوہر کے ساتھ محبت کا اظہار کیا، اُن کا ساتھ دیا، اور اُن کے ریڈیو شو کے دوران اُنہیں ہر روز ای میل لکھی۔ وہ اُن سب کو پڑھا کرتے تھے، سب کو۔

خدا آپ سب کو برکت دے، اور خدا امریکہ کو برکت دے!

— تلخیص و ترجمہ: اسٹیفن رضا