Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
ہوا کا راستہ روکے کھڑا ہے - فاختہ

ہوا کا راستہ روکے کھڑا ہے

نذیر قیصر غزلیات مشاہدات: 17 پسند: 0

ہوا کا راستہ روکے کھڑا ہے
ترا سایا چراغوں سے بڑا ہے
مرے پانی میں مٹی کی مہک ہے
مرے کمرے میں مٹی کا گھڑا ہے
شجر رستے میں دو رویہ کھڑے ہیں
سڑک پر دھوپ کا ٹکڑا پڑا ہے
نکل آئے ہیں اس پر بیل بوٹے
وہ اک موسم جو سولی میں گڑا ہے
تجھے دیکھا تھا پہلی بار میں نے
مجھے اک بار پھر آنا پڑا ہے
تری اُنگلی میں انگوٹھی ہے مری
مری انگوٹھی میں شعلہ جڑا ہے
سما سکتے نہیں دونوں کسی میں
تمہارا گھر ہمارا دل بڑا ہے
ترے کمرے میں کافی کی مہک ہے
ترا درویش بارش میں کھڑا ہے
مرے خوابوں میں وہ جاگی ہوئی ہے
مرا اک پھول تکیے پر پڑا ہے
میں بلھے شاہ سے مل کر آ رہا ہوں
مرے بازو میں ست رنگا کڑا ہے
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید