Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
گر گر کے کلوری کو چلا سولیوں کے ساتھ - فاختہ

گر گر کے کلوری کو چلا سولیوں کے ساتھ

گریفن جونز شرر غزلیات مشاہدات: 65 پسند: 0

گر گر کے کلوری کو چلا سولیوں کے ساتھ
میرا مسیح مارا گیا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
تھا وقتِ فسح، سارے حواری تھے بزم میں
لیکن کوئی نبھا نہ سکا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
کوئی نہ تھا صلیب جو اُس کی اُٹھا سکے
اک اجنبی نے ساتھ دیا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
ہاتھوں میں کیل پاؤں میں پیوست میخ تھی
کانٹوں کا تاج سر پہ دھرا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
کوڑوں کی مار، طعنے، مذاق اور گالیاں
کیا کیا مسیح نے نہ سہا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
تھا وقتِ نزع "تشنہ ہوں"، منجی نے جب کہا
پانی کوئی پلا نہ سکا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
ہو کر اسیرِ ظلم، تشدد کی گود میں
دشمن کو دے رہا تھا دُعا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
تشنہ لبی سے بھوک سے تھا مضمحل بہت
تنہا تھا نیم جان پڑا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
ہر پھول زخمِ دل کا نمایاں تھا اس طرح
سورج ہو جیسے گُل ہو کھلا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
خوں میں اُتر چکی تھی شہِ دار کی برات
جب یہ کہا تھا "پورا ہوا" سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
ہر سُو برس رہی تھیں شعاعیں نجات کی
انجیل پڑھ رہا تھا خدا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
مرنے کو تو مریں گے سبھی ایک دن ضرور
مر کے بھی وہ جیا، جو مرا سولیوں کے ساتھ
۔۔۔
تیری جناب میں ہیں عقیدت کی نذر شعر
تیرا شررؔ ہےمدح سرا سولیوں کے ساتھ
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید