Fakhta logo
فاختہ بائبل اسٹڈی ٹولز
جلد متوقع مشمولات
ہائے یہ بات تجھے آج بھی معلوم نہیں - فاختہ

ہائے یہ بات تجھے آج بھی معلوم نہیں

گریفن جونز شرر نظمیں مشاہدات: 92 پسند: 0

ہائے یہ بات تجھے آج بھی معلوم نہیں
شہرِ داؤد سے رونے کی صدا آتی ہے
تیرے دامن میں ہیں زخموں کے مہکتے ہوئے پھول
موت ہر گام پہ پھنکارتی منڈلاتی ہے
۔۔۔
قوم و ملت کے تحفظ کے علمبردارو
کس کو سمجھائیں وفاؤں کے گنہگار ہیں ہم
کسی یعقوب کی لرزیدہ صداؤں کی طرح
ایک ٹوٹی ہوئی تلوار کی جھنکار ہیں ہم
۔۔۔
ہم اگر روز کی روٹی کا گِلہ کرتے ہیں
وہ ہمیں سانپ یا پتھر ہی فقط دیتے ہیں
سب زخمی ہیں، عمل زخمی، دعائیں زخمی
دستِ اغیار سے ہم جامِ فنا لیتے ہیں
۔۔۔
منتظر سانپ ہیں پھیلائے ہوئے پھن اپنے
آلِ مریم کو کسی وقت بھی ڈس جائیں گے
خنجر آزاد ہیں سینوں میں اُترنے کے لئے
کتنے یوسف سرِ بازار ابھی آئیں گے
۔۔۔
اپنے ایمان میں منہ ڈھانپ کے سونے والو
ہم حقیق سے بہت دُور نکل آئے ہیں
خود فریبی کے گھنے سائے میں سونے والو
آج حالات تباہی کی خبر لائے ہیں
۔۔۔
تم میں تنظیم کی گر خو ہو مسیحی لوگو!
اب بھی زندانِ تباہی سے نکل سکتے ہو
شوقِ تجدید دماغوں میں اگر ہو زندہ
اپنی تقدیر کو تم آپ بدل سکتے ہو
واپس جائیں

Please mark your visit by following our Facebook Page
اگر آپ بھی اپنی نگارشات فاختہ ڈاٹ آرگ پر شائع کرانا چاہتے ہیں تو۔۔۔ خوش آمدید