فاختہ ڈاٹ آرگ کا مشن دُنیا بھر کے مسیحی قلمکاروں اور قارئین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ ایک طرف لکھاریوں کو اپنی نگارشات ایک جگہ مجتمع کر کے دُنیا بھر کے علم دوست اور باذوق قارئینِ کرام تک پہنچانے کا موقع میسر آ سکے اور دوسری طرف شائقینِ ادب کو عمدہ اور معیاری مسیحی ادب ایک ہی جگہ پڑھنے کو مل سکے۔ تاریخ شاہد ہے کہ مسیحی قلمکاروں نے اپنے زورِ قلم سے نہ صرف اُردُو ادب کی دُنیا میں ایک اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے بلکہ اپنی تحریروں کو ہمیشہ قومی و ادبی یکجہتی کے فروغ کا بھی ذریعہ بنایا ہے۔ مسیحی ادبی شخصیات میں سے چند بڑے اور جید نام جیسے کہ عالمی شہرت یافتہ شاعر، پروفیسر اور محقق جناب عارف پرویز نقیب صاحب، اعلیٰ پائے کے ترجمہ کار، مؤلف ، ادیب اور شاعر جناب حمید ہنری صاحب ہماری اِس بزم کا حصہ بن چکے ہیں اور دیگر بڑے نام بہت جلد حصہ بننے والے ہیں۔ ادبی حلقوں میں اپنی ایک یکتا اورمعروف شناخت رکھنے والی یہ قد آور شخصیات ہماری مسیحی قوم کا اثاثہ ہیں اور اِن کے قلم سے نکلی ہوئی تحریریں ہمارا مسیحی سرمایہ ہیں جسے آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ کرنا فاختہ کا مشن ہے۔
اس ضمن میں قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ ابھی فاختہ ڈاٹ آرگ کے قیام کو بمشکل دو ماہ ہوئے ہیں اور اِس پر نگارشات کی تعداد کے علاوہ قارئین کی دلچسپی اور ادبی حلقوں میں اِس کی پذیرائی نیز قومی و عالمی سطح پر اِس کی رسائی میں روزافزوں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے لئے ہم اپنے قابلِ فخر قلمکاران اور کرم فرما قارئینِ کرام کے تہ دل سے مشکور و ممنون ہیں۔
یاد رہے، فاختہ ڈاٹ آرگ، ایک بین الکلیسیائی ای۔پبلشنگ ادارہ ہے جو کسی بھی فرقے، مسلک اور کلیسیا کی تفریق یا امتیاز کئے بغیر تمام مسیحی نگارشات کو پوری مسیحی قوم کے اُردُو قلمکاران و قارئین کے استفادے کے لئے بحیثیتِ مجموعی شائع کرتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یکجہتی اور امن و آشتی کا فروغ ہی اُردُو ادب بالخصوص مسیحی اُردُو ادب کا طرۂ امتیاز ہے۔
تو فاختہ ڈاٹ آرگ آپ کا اپنا پلیٹ فارم ہے۔ بطورِ لکھاری آپ فاختہ ڈاٹ آرگ سے کچھ اِس طرح استفادہ کر سکتے ہیں: