ایک مدت سے اس بات کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی تھی کہ ادبی میدان میں جدید تکنیکی مہارتوں کے استعمال سے کوئی ایسا اقدام اٹھایا جائے جس سے مسیحی شعرا و ادبا کی تخلیقات کو یک جا کر کے ایک جگہ پر محفوظ کر دیا جائے تا کہ ہر قاری جو اس ضم میں دلچسپی رکھتا ہے تمام قدیم و جدید مسیحی قلم کاروں کی تخلیقات تک بآسانی رسائی کر سکے ۔ اِسی کمی کے پیشِ نظر "فاختہ فاؤنڈیشن" کی بنیاد رکھی گئی۔ علاوہ ازیں، وہ قلم کار جو اپنی تخلیقات و نگارشات کی اشاعت کا چارہ نہیں رکھتے ان کی داد رسی ہو سکےاور ادارہ "فاختہ فاؤنڈیشن" اس ضمن میں کم سے کم اخراجات کے تحت ان کی کتب کو شائع کرنے کا اہتمام بھی کرے۔ "فاختہ فاؤنڈیشن" کلی طور پر ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جس میں شامل اراکین اپنی اپنی بساط کے مطابق ہدیہ جات کی صورت میں مالی معاونت کے ذریعے اِس مقصد کی تکمیل کی مد میں اپنا تعاون مرحمت فرما سکتے ہیں تاکہ ان قلم کاروں کی تخلیقات کا حق ادا ہو سکے جو استطاعتِ اشاعت نہیں رکھتے یا وہ جن کا کلام یا نگارشات بعد از وفات بھی بوجوہ اشاعت پذیر نہ ہو پائیں ان کو کتابی شکل عطا کر کے مسیحی ادبی تاریخ کا حصہ بنا یا جائے ۔ آئیے، اپنی قوم کی ادبی تاریخ کو دستاویز کرنے کی اِس کاوش میں ہمارا ساتھ دیجئے!
عارف پرویز نقیبؔشاعر، محقق، پروفیسر
’’فاختہ‘‘ ایک مسیحی ای پبلشنگ ادارہ ہے جس کے قیام کا مقصد مسیحی ادبی خزائن کو ایک مربوط نظام کے تحت محفوظ کرنا اور ایک دیدہ زیب انداز میں قارئینِ کرام تک پہنچانا ہے۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ برصغیر پاک و ہند کی تقریباً تمام ادبی شخصیات کی نگارشات کسی نہ کسی پلیٹ فارم پر باافراط میسر ہیں اور اُن کا نام گوگل پر لکھتے ہی بہت سا مواد سامنے آ جاتا ہے جبکہ ہماری نامور مسیحی ادبی شخصیات کا کلام نہ ہونے کے برابر ہے بلکہ کئی قدآور مسیحی شعرا ء و ادباء کی تخلیقات تو درکنار نام تک ڈھونڈے نہیں ملتا۔ مقصودِ کاوش یہ ہے کہ مسیحی قلمکاروں کی تخلیقات کو بھی اِسی طرح محفوظ کر کے ہر کس و ناکس کی دسترس میں لایا جائے۔ اِس کارِ عظیم کا سب سے بڑا قدم فاختہ ای لائبریری کا قیام ہے جس کے تحت ہم ابتدائی مرحلے کے طور پر 10،000 کتب کا ڈیٹا ای کتاب کی شکل میں محفوظ کرنے کا عزم رکھتے ہیں ۔ مَیں اپنی ٹیم کی جہدِ مسلسل اور معاونت کا ممنون ہوں مگر یہ ابھی شروعات ہے اور بہت سا کام پسِ منظر میں زیرِ تکمیل ہے جس کے لئے ہمیں آپ کے تعاون کی ضرورت ہے۔ آئیے، اپنی قوم کی ادبی تاریخ کو دستاویز کرنے کے اِس کارِ عظیم میں ہمارا ساتھ دیجئے!
اسٹیفن رضاؔبانی، فاختہ فاؤنڈیشن
میرے لیے بڑے استحقاق کی بات ہے کہ مجھے ڈیجیٹل ویب فاختہ کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔موقع پرستوں کی طرح میں نے اس بات کو مناسب جانا کہ میں اپنے قلمی تاثرات کو جو مطالعاتی ورد کے بعد میرے جذبات کا حصہ بنے۔ انہیں تمام قائرین تک اپنا اخلاقی اور روحانی فرض سمجھ کر پہنچا دوں۔اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ ہمارے جرائد و رسائل نے قریبا ڈیڑھ صدی سےعلم و ادب کے فروغ کے لیے پاک و ہند میں جو کوششیں کی ہیں۔ وہ لائق صد تحسین ہیں۔ اس سلسلے کی کڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے اسٹیفن رضا جو سافٹ ویئر انجینیئر ہیں۔ انہوں نے ہمارے اکابرین ، محققین ،اساتذہ ، ریسرچر ، مبصرین، شعراء اور ادباء کے لیے ایک بین الاقوامی ریختہ ویب سائٹ کی طرح فاختہ ویب سائٹ کا اپریل 2025ء کو شاندار افتتاح کیا ہے۔ان کا یہ کارنامہ ڈیجیٹل دنیا میں انقلاب کا بہترین ترجمان ہے۔بہت کم لوگوں کو یہ سعادت حاصل ہوتی ہے کہ وہ دنیا میں قوم پرستی کا حق ادا کرتے ہوئے ایسے کام کر جائیں جو مستقبل قریب میں میں ہر خاص و عام کے لیے معاون ثابت ہوں۔ خوشی کے اس موقع پر میں فاضل دوست کو جدید میڈیا کا سفیر مانتے ہوئے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔جہاں انہوں نے نہ صرف نسل نو کی آبیاری اور پشتوں کی تحسین کا بیڑا اٹھایا ہے۔ بلکہ لوگوں کو فروغ ادب کی طرف متوجہ کرنے کی بھی ذمہ داری نبھائی ہے،جو آنے والی صدیوں میں مسیحوں کی شناخت اور تشخص کو دنیا بھر میں نمایاں طور پر اجاگر کرے گا بلکہ دیگر ویب سائٹ کی طرح ہر مسیحی کو شعراء اور ادباء کے کلام سے مستفید ہونے کا موقع بھی ملے گا۔امید واثق ہے ان کی درینہ کوشش کے باعث شعر و سخن کی تابندہ روایت نسل در نسل اپنی تاریخ دہراتی رہے گا اور ریسرچر اور اساتذہ کو مستفید ہونے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے تاکہ انہیں تحقیق کے میدان میں مشکل پیش نہ آئے۔انہوں نے دنیا بھر کے تمام لوگوں کی دوریاں اور فاصلے ختم کرنے کے لیے گوگل سرچ انجن بنا دیا ہے۔جہاں گھر بیٹھے بیٹھے ادبی ورثہ سے ملاقات کا شرف حاصل ہو جائے گا۔
ڈاکٹر شاہد ایم شاہدواہ کینٹ تحصیل ٹیکسلا ضلع راولپنڈی
آجکل آئ ٹی کا دور ہے ۔جو اے آئ تک آ پہنچا ہے ۔دنیا انگلیوں کی جنبش پہ آ گئ ہے ۔کتابیں پڑھنے کے شیدائی کم ہوتے جا رہے ہیں۔جنہیں پڑھنے کا شوق ہے بھی ،وہ بھی ای بکس یا ڈیجیٹل کتابوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ آئ ٹی کے اس تیز رفتار دور میں یقینا فاختہ ڈاٹ او آر جی پاکستانی شعراء و ادبا،کے لئے ایک ایسا شاندار اور کار آمد پلیٹ فارم ہے ۔جس پہ ان کا کلام ان کی تحاریر صرف ایک کلک کی دوری پر موجود ہیں۔دنیا بھر کے لوگ انہیں باآسانی پڑھ سکتے ہیں ۔شعراء اور ادبا کی شائع شدہ اور حتی کہ غیر شائع شدہ کتب بھی فاختہ پہ دستیاب ہیں۔اس طوفانی مہنگائی کے دور میں ہر لکھاری کے لئے یہ ایک نہایت باکفایت اور عمدہ ذریعہ ہے ۔ کہ اپ کی تحریریں کم وقت اور کم خرچ میں دنیا بھر میں پڑھی جا سکتی ہیں۔ دوسرے ممالک میں تو فاختہ کی طرز کی ویبسائٹس ہیں ۔لیکن پاکستان میں یہ سہرا ریورنڈ اسٹیفن رضا صاحب کے سر جاتا ہے کہ انہوں نے مسیحی لکھاریوں کے لئے ایسا عمدہ پروگرام متعارف کرایا۔ فاختہ ڈاٹ او ار جی کے بانی اور چیئرمین جناب ریورنڈ اسٹیفن رضا صاحب ڈھیروں مبارکباد اور تحسین کے مستحق ہیں ۔خدا کرے کہ ادب سے انکا یہ لگاو یونہی قائم و دائم رہے۔اور ان کی آرگنائزیشن دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے۔ دعاوں اور نیک تمناؤں کے ساتھ۔
کنیز منظورکراچی، پاکستان